میلسی میں بجلی کے نئےمیٹر کے ساتھ صارفین کو کتنی تار فراہم کی جا رہی ہے؟ جانیئے اس تحریر میں۔۔۔
پاکستان میں بجلی کو بنیادی اور اہم سہولیات میں سے ایک سمجھا جاتا
ہے۔ میلسی کے صارفین کو بجلی کا کنکشن لگوانے کے لیے اضافی اخراجات کے ساتھ ساتھ
پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تحصیل میلسی میں بجلی کا کنکشن حاصل کرنے کے لیے گھریلو میٹر لگوانے
والے تقریباً 95 فیصد صارفین واپڈا ملازمین سے نالاں نظر آتے ہیں۔
محکمہ واپڈا کی جانب سے بجلی کا نیا کنکشن حاصل کرنے پر 20 گز تار
فراہم کی جاتی ہے۔
ملازمین گھریلو میٹر لگانے والے صارف کو 20 گز تار فراہم کرنے کی
بجائے صرف 12 سے 15 فٹ تار فراہم کرتے ہیں تاہم اس سے زائد تار صارفین کو الگ
قیمتاً خریدنا پڑتی ہے۔
وہاڑی کی تحصیل میلسی میں گزشتہ سال گھریلو صارفین کو چار ہزار نو سو
56، کمرشل تین سو 15، انڈسٹریل 34 اور ایگریکلچر کے 77 نئے میٹر جاری ہوئے۔
میلسی، ادریس پورہ کے رہائشی محمد جمیل بتاتے ہیں کہ بجلی کا پول ان
کے گھر سے 50 گز کے فاصلے پر ہے بجلی کا کنکشن حاصل کرنے کے لیے انہوں نے ڈیمانڈ
نوٹس نیشنل بنک میں جمع کروایا۔
جمیل کہتے ہیں کہ تین ماہ بعد انہیں بجلی کا میٹر جاری کر دیا گیا۔
میٹر لگانے والے واپڈا ملازمین کے پاس صرف 15 فٹ تار موجود تھی جبکہ ڈیمانڈ نوٹس
کے مطابق 20 گز بنتی ہے لیکن واپڈا ملازمین نے 15 فٹ سے زائد تار لگانے سے انکار
کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ واپڈا ملازمین سے ہی 50 روپے گز کے حساب سے مزید
تار خریدنا پڑی۔
چاہ پچیس والا کے رہائشی عبدالماجد کہتے ہیں کہ انہوں نے بجلی کا
کنکشن حاصل کیا تو واپڈا ملازمین کی جانب سے انہیں صرف نو فٹ تار فراہم کی گئی
تھی۔
"بجلی کا کنکشن لگانے والے ملازمین کنکشن لگانے کی بجائے میٹر
واپس لے گئے۔"
ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی روز تک واپڈا
دفتر کے چکر لگاتے رہے ہیں لیکن کوئی آفیسر بھی بات سننے کو تیار نہیں تھا۔
عبدالماجد کہتے ہیں کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ خوار ہونے کے بعد انہیں
متعلقہ واپڈا لائن مین کو سفارشوں کے ساتھ نظرانہ بھی پیش کرنا پڑا اس کے باوجود
انہیں نو میٹر تار محکمہ کی جانب سے ملی۔
پروین ادریس فدہ ٹاؤن کی رہائشی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ بجلی ایک بنیادی
سہولت ہے آج کل بجلی کا کنکشن حاصل کرنے کے لیے کئی مشکل ادوار سے گزرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی سطح پر ڈیمانڈ نوٹس مشکل سے جاری ہوتا ہے۔
اگر ڈیمانڈ نوٹس جاری ہو جائے تو میٹر لگانے والے ملازمین خون جلا دیتے ہیں۔
پروین ادریس کہتی ہیں کہ میٹر لگوانے کیلئے واپڈا ملازمین سے 70 گز
تار 55 روپے گز کے حساب سے اضافی خریدنی پڑی۔
میلسی میں محکمہ واپڈا کے ایکسیئن شاہد نذیر کہتے ہیں کہ گھریلو
صارفین کے ڈیمانڈ نوٹس تقریباً ایک ہی قیمت پر جاری کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صارفین کو 20 میٹر تار جاری کرتا ہے جس کی
قیمت ڈیمانڈ نوٹس میں ہی محکمہ موصول کر لیتا ہے۔
میرے پاس تاحال کوئی بھی ایسی شکایت وصول نہیں ہوئی کہ صارفین کو
میٹر کے ساتھ تار 20 گز سے کم مل رہی ہو۔ اگر کوئی واپڈا ملازم بجلی کا کنکشن حاصل
کرنے والے صارف کو 20 گز سے کم تار دیتا ہے تو صارف کو چاہیئے کہ وہ مجھے اطلاع
کرے۔
شاہد نذیر کہتے ہیں کہ اگر کسی ملازم کے خلاف ایسی شکایت آئی تو ایسے
ملازم کو فوری شوکاز نوٹس جاری کر کے اسکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
0 comments:
Post a Comment